دشت وفا

₨100.00
(No reviews yet) Write a Review
SKU:
17-00
Author:
Molana Abdul Rehman
Published in:
2017
دشت وفا

مصنف: مولانا عبد الرحمن صاحب

تبصرہ

کتاب کا نام: دشت وفا

مصنف: مولانا عبدالرحمن ؒ صاحب
سن اشاعت:اپریل،2017ء
صفحات: 72
قیمت: 100روپے
پبلشر: گفتگو پبلیکیشنز، اسلام آباد

’’دشتِ وفا‘‘ مولانا عبدالرحمنؒ صاحب کی ایسی تصنیف جو اپنے عنوان، جاذب نظر اور معنویت سے پر ،سر ورق کے بنا پر قاری کو پہلی ہی نظرمیں متوجہ کر لیتی ہے۔ سرورق پر ایک تخیّل ،جو آڑھی ترچھی لکیروں سے وضح کیا گیا ہے ،یہ دلیل ہے اس بات کی کہ اندرون کتاب کے مضامین بھی اسی ذہنی تخلیق کے شاہکار ہیں ۔ دراصل یہ تصنیف ان نظموں کا مجموعہ ہے جو انہوں نے وقتاً فوقتاً، حالات و واقعات کے اونچ نیچ اور بیشتر ملکی مسائل کا اظہار کرتے ہوئے صفحۂ قرطاس کی زینت بنائے ہیں،مثلاً امریکہ بہادر،پابندی،وردی والا زندہ باد،کراچی،حق گوئی،لوڈ شیڈنگ وغیرہ وغیرہ
مولانا عبدالرحمنؒ صاحب کی نظموں کی کتاب گزشتہ کئی ہفتوں سے میرے پاس ہے، اور اس میں شامل نظموں کا مطالعہ میں کئی بار کرچکا ہوں۔
ارادہ تھا کہ ایک بار مکمل کتاب پڑھ کر رائے لکھ دوں گا جیسا کہ ہمیشہ کیا کرتا ہوں، مگر اس بار ایسا نہ ہوسکا۔ وجہ ابتدا میں تو خود میری سمجھ میں نہ آئی۔ میرے لیے کسی کی تصنیف پر تبصرہ کرنا کون سا نیا کام تھا؟ ایسا کیوں ہورہا تھا کہ میں چاہنے کے باوجود شروع ہی نہیں کرپارہا تھا۔
بہت غور کیا تو بات کھلی۔ دراصل یہ نظمیں عام ڈگر سے اتنی ہٹی ہوئی ہیں اور ان کا ٹریٹمنٹ اتنا مختلف ہے کہ اس پر عمومی فارمولے کے تحت تبصرہ نہیں کیا جاسکتا تھا۔
کسی تفصیل میں جائے بغیر سیدھی اور صاف بات یہ ہے کہ مولانا مرحوم معاشرے کے سنگین حقائق پر نظمیں لکھتے ،مگر ان میں نہ نعرے بازی ہے،نہ بلندآہنگ احتجاج۔ نہ وہ ان برائیوں کے خاتمے کے لیے نسخے تجویز کرتے ہیں، نہ ان کی وجوہ کی فلسفیانہ انداز میں نشان دہی کرتے ہیں۔ ایک سیدھا صاف بیانیہ ہوتا ہے جس کی بنیاد ان کی بے پناہ مضبوط اور گہری observation ہے، اور ایک طنز کی ہلکی سے لہر ہوتی ہے جو نظم پڑھنے کے بعد آپ کی روح میں کھب کر رہ جاتی ہے۔ نظم آپ بھول سکتے ہیں مگر اس کی چبھن تادیر آپ کے ساتھ رہتی ہے۔
مولاناؒ نے جو لکھا ہے، اسے زیادہ سجانے بنانے اور سنوارنے کی کوشش نہیں کی۔ اس کی وجہ یہ نہیں کہ یہ کام ان کے لیے مشکل تھا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک اختیاری فیصلہ تھا کہ جو وہ دیکھتے ہیں اسے بغیر judgmental ہوئے اپنے قاری تک پہنچا دیتے۔ نہ اس کی تاثیر کو لفظیات کے بناؤ سنگھار سے بڑھانے کی کوشش کرتے، نہ ہی اس کی معنویت کی وضاحت میں بلاضرورت نظم کی طوالت کو بڑھاتے۔ میرے نزدیک نظم کی ایک بہت بڑی خوبی یہ ہوتی ہے کہ اس میں ایک بھی لائن غیر ضروری نہ ہو۔
کتاب کا آغاز حمد باری تعالیٰ
’’اے مالکِ بحر و بر خدایا
اے خالقِ خشک و تر خدایا‘‘
سے کیا گیا ہے۔اس کے بعد پانچ نعتیں مگر ان سے پہلے ایک نظم ’’میزابِ رحمت کے سامنے بیٹھ کر‘‘لکھی ہے۔جسے پڑھتے ہوئے بے اختیار آنکھوں سے آنسو چھلک پڑتے ہیں۔
طواف و استلام حجرِ اسود میں بھی کر لیتا
چمٹ کر ملتزم سے داغ عصیاں دھو لیا ہوتا
مولانا ؒ کی نظمیں ’’میں بھی منہ میں زبان رکھتا ہوں،حاصل،مزدور،کھول آنکھ ،انٹرویو، اورمچھر‘‘ پڑھیں گے تو آپ ان کی ذہانت اور باریک بینی کے قائل ہوئے بغیر نہ رہ سکیں گے۔ان میں نہ کسی مظلوم کی فریاد ہے، نہ کسی پیغام کی دعوت۔ ان میں سیدھا، سچا، اور صاف اظہار ہے جو معاشرے کو آئینہ دکھاتا ہے مگر حسِ مزاح بھی خوب دکھائی دیتی ہے۔ اردو ادب میں خوبصورت کام بہت ہوا ہے اور ہو رہا ہے۔ ایسے فن پارے جو آپ کے ذہن کو بیدار ہونے اور سوچنے پر مجبور کریں، کم کم پڑھنے میں آتے ہیں۔ مجھے یقین ہے یہ مجموعہ اپنی انفرادیت، مواد، اور طرز ِ اظہار کی بنیاد پر قبول ِ عام اور تحسین ِ خاص حاصل کرے گا۔