100: Insani Tehzeeb Kay Mamar – 100 انسانی تہذیب کے معمار
وِل جیمز ڈیورانٹ (1885ء – 1981ء) امریکی فلسفی، تاریخ دان اور مؤرخ، اپنی بیوی ایرئیل ڈیورانٹ (1898ء – 1981ء) کے ساتھ مل کر لکھی ہوئی ضخیم کتاب ’’دی سٹوری آف سویلائزیشن‘‘ کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ اُس نے انسانوں کے نقطہ ہائے نظر کی تفہیم کو بہتر بنانے کی کوشش کی۔ وہ میساچوسٹس میں جوزف ڈیورانٹ اور میری ایلارڈ کے ہاں پیدا ہوا جو کیوبیک سے نقل مکانی کر کے امریکہ آئے تھے۔ 1900ء میں اس نے سینٹ پیٹرزبرگ سکول سے تعلیم مکمل کی اور پھر نیوجرسی کے سینٹ پیٹرز کالج چلا آیا۔ 1905ء میں وہ سوشلسٹ بن گیا اور دو سال بعد گریجوایشن کی۔ ایک جریدے میں 2 ڈالر فی ہفتہ تنخواہ پر نوکری کرنے کے بعد دیگر جرائد میں جنسی مجرموں پر مضامین لکھے۔ 1907ء میں سٹین ہارل یونیورسٹی نیوجرسی میں لاطینی، فرانسیسی، انگلش اور جیومیٹری پڑھانا شروع کی اور کالج میں لائبریرین بھی بنا۔ 1911ء میں فیرر ماڈرن سکول میں پڑھانے لگا۔ یہاں اُسے اپنے سے عمر میں تیرہ برس چھوٹی لڑکی Chaya Kofman عرف ایرئیل کے ساتھ محبت ہوئی اور دونوں نے شادی کر لی۔ ان کی ایک بیٹی پیدا ہوئی اور ایک بیٹا گود بھی لیا۔ 1913ء میں ول نے پڑھانا ترک کر دیا اور پریسبی ٹیرئین چرچ میں دس ڈالر فیس پر لیکچر دینے لگا۔ ان لیکچرز کے نوٹس ’’دی سٹوری آف سویلائزیشن‘‘ کا نقطۂ آغاز بنے۔ 1917ء میں فلسفہ میں ڈاکٹریٹ ڈگری پر کام کرتے ہوئے اس نے اپنی پہلی کتاب ’’فلاسفی اینڈ دی سوشل پرابلم‘‘ لکھی۔ ’’دی سٹوری آف فلاسفی‘‘ کا آغاز مزدوروں کے لیے لکھے ہوئے مختصر پمفلٹس کی صورت میں ہوا۔ 1926ء میں ایک بڑے امریکی پبلشر نے ان پمفلٹس کو کتاب کی شکل دی۔ کتاب کو ملنے والی پذیرائی نے ول ڈیورانٹ اور ایرئیل ڈیورانٹ کو مالی فراغت دی اور دنیا بھر میں سفر کرنے کے قابل بھی بنایا۔ تب وہ گیارہ جلدوں پر مشتمل شاہکار کتاب ’’دی سٹوری آف سویلائزیشن‘‘ لکھنے میں لگ گیا۔ ول اور ایرئیل ڈیورانٹ نے نسلِ انسانی کی ’’متحدہ تاریخ‘‘ پیش کرنے کی کوشش کی۔ وہ محققانہ نقطۂ نظر سے تاریخ لکھنے کے خلاف تھے۔ ان کا مقصد تہذیب کی سوانح لکھنا تھا جس میں جنگوں، سیاست اور فاتحین کی زندگیوں کے علاوہ ثقافت، آرٹ، فلسفہ، مذہب وغیرہ بھی شامل ہوں۔ ول ڈیورانٹ کی موت کے بعد اس کی دو کتابیں ’’Heroes of History‘‘ (2001ء) اور ’’The Greatest Minds and Ideas of All Time‘‘ (2002ء) شائع ہوئیں۔ اس کی متعدد کتب کے اُردو تراجم ہو چکے ہیں۔ ول اور ایرئیل نے مشترکہ خودنوشت میں ایک دوسرے کے ساتھ شدید محبت کا اظہار کیا ہے۔ آخری ایام میں ول ہسپتال داخل ہوا تو ایرئیل نے کھانا چھوڑ دیا اور 25 اکتوبر 1981ء کو اس کی موت واقع ہو گئی۔ اگرچہ ان کی بیٹی ایتھل اور پوتے پوتیوں نے بیمار وِل سے ایرئیل کی موت کو چھپانے کی کوشش کی ، لیکن اسے خبر ہو گئی اور دو ہفتے بعد ہی وہ بھی چل بسا۔ اپنی 96 ویں سالگرہ کے دو دن بعد، 7 نومبر 1981ء کو ول ڈیورانٹ لاس اینجلس کے ویسٹ ووڈ ولیج میموریل پارک قبرستان میں ایرئیل کے پہلو میں دفن ہوا۔
—
Reviews
There are no reviews yet.